نوبیل امن انعام کا حقدار ہوں، مگر ملنے کا امکان کم ہے: صدر ٹرمپ
10:51, 08/10/2026, جمعراتا: اپ ڈیٹ: 11:14, 08/10/2026, جمعرات
ویب ڈیسک

AFP
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نوبل امن انعام کے لیے اپنی کوششیں دوبارہ شروع کر دی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ اس اعزاز کے حقدار ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا کہ انہیں نوبیل امن انعام ملنا چاہیے، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اس بات پر یقین نہیں کہ وہ یہ اعزاز حاصل کر سکیں گے۔ نوبیل امن انعام 2026 کے فاتح کا اعلان ناروے کی نوبیل کمیٹی جمعہ کو کرے گی۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’انہیں معلوم نہیں کہ کمیٹی کیا فیصلہ کرے گی، نوبیل کمیٹی کی شرط ہے کہ شاید وہ مجھ جیسے لوگوں کو یہ انعام نہ دیں۔‘
وائٹ ہاؤس میں گزشتہ سال واپسی کے بعد سے ٹرمپ متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ وہ نوبیل امن انعام کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’انہیں پچھلی مرتبہ یہ اعزاز بالواسطہ طور پر ملا تھا، جب 2025 کی نوبیل امن انعام یافتہ وینزویلا کی آپوزیشن رہنما ماریا کورینا ماچاڈو نے جنوری میں اپنا تمغہ ٹرمپ کو دے دیا تھا۔‘
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ گزشتہ جنوری میں اقتدار سنبھالنے کے بعد انہوں نے آٹھ تنازعات کے حل کے لیے کردار ادا کیا، جس کی بنیاد پر وہ نوبیل امن انعام کے مستحق ہیں۔
کمبوڈیا، اسرائیل اور پاکستان کے رہنماؤں نے بھی ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم ان نامزدگیوں کی آزادانہ طور پر تصدیق ممکن نہیں۔
ٹرمپ جن تنازعات کو حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں ان میں شامل بعض فریق امریکی صدر کے سفارتی کردار پر اختلاف کرتے ہیں۔
بعض علاقوں میں دوبارہ لڑائی بھی شروع ہوچکی ہے۔ جن میں جمہوریہ کانگو، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کی سرحد شامل ہے۔
روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کا خاتمہ بھی ٹرمپ کے لیے تاحال ایک چیلنج ہے۔ ٹرمپ نےاپنی دوسری صدارتی مدت کے آغاز پر وعدہ کیا تھا کہ وہ پہلے ہی روز یہ جنگ ختم کردیں گے۔
دوسری جانب ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں سات ماہ سے جاری کشیدگی نے عالمی توانائی کی فراہمی کو متاثر کیا ہے اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کا اثر نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل بھی نمایاں ہے۔
اس سال نوبیل امن انعام کے لیے پوپ لیو، عالمی فوجداری عدالت اور فلسطینی علاقوں کے لیے اقوامِ متحدہ کےخصوصی نمائندے سمیت کئی نام امیدواروں میں شامل ہیں۔