ٹرمپ کا الیکشن جیتنے پر ہر شہری کو پانچ ہزار ڈالر دینے کا اعلان، ’پورے ملک کو رشوت دے رہے ہیں‘
12:27, 10/09/2026, جمعراتا: اپ ڈیٹ: 14:03, 10/09/2026, جمعرات
ویب ڈیسک

AFP
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ڈیلاس میں ریپبلکن مڈٹرم کنونشن میں خطاب کے دوران۔ فائل فوٹوامریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو ڈیلاس میں ریپبلکن مڈٹرم کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اگر مڈٹرم الیکشن میں جیتے تو ہر امریکی کو پانچ ہزار ڈالر دیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ اگر نومبر کے مڈٹرم الیکشن میں ریپبلکن پارٹی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں پر کنٹرول برقرار رکھتی ہے تو وہ ہر امریکی شہری کو 5000 ڈالر دیں گے۔
امریکن ایئرلائنز سینٹر میں تقریر کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ ’اگر ریپبلکنز جیتے، تو آپ ہمارے ساتھ جیتیں گے، اور آپ کو 5000 ڈالر ملیں گے۔‘
انہوں نے اس ادائیگی کو ’ٹرمپ ڈیویڈنڈ‘ کا نام دیا اور کہا کہ یہ معاشی کامیابی سے جڑا ہوا ہے اور ممکنہ طور پر ٹیرف یعنی درآمدی ٹیکسوں سے فنڈ کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق امریکہ میں تقریباً 24 کروڑ 50 لاکھ شہری ہیں۔ اگر ہر ایک کو 5000 ڈالر دیے جائیں تو اس پروگرام کی کل لاگت 1.2 ٹریلین ڈالر سے زیادہ بنے گی۔
ٹرمپ نے اس تقریر میں ڈیموکریٹس کو ’انتہا پسند‘ قرار دیا اور ایران میں جاری جنگ کا دفاع بھی کیا۔
تقریباً دو گھنٹے کی اس تقریر میں انہوں نے ووٹرز سے یہ بھی کہا کہ ’تصور کریں کہ میں خود بیلٹ پر ہوں‘۔
خطاب کے دوران ایک غیر متوقع لمحہ اس وقت آیا جب ڈیموکریٹک سینیٹر ’جان فیٹرمین‘ کا ویڈیو پیغام چلایا گیا۔ پنسلوانیا کی ایک اسٹیل مل سے اپنے خطاب میں جان فیٹرمین نے کہا کہ وہ امریکی مینوفیکچرنگ کے تحفظ کے لیے صدر ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔
ٹرمپ کے الیکشن جیتنے پر شہریوں میں 5,5 ہزار ڈالر تقسیم کرنے کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے ایکس پر لکھا کہ ’اپنی جنگ سے آپ کو بیمار اور غریب کرنے کے بعد، ڈونلڈ ٹرمپ اب آپ کا ووٹ 5000 ڈالر کے ٹیکس دہندگان کے خون کے پیسوں سے خریدنا چاہتے ہیں۔ اوول آفس میں بیٹھنے والا اب تک کا سب سے کرپٹ انسان ہے۔‘
سوشل میڈیا صارف اینڈریو نے ایکس پر لکھا ہے کہ ’وہ پورے ملک کو رشوت دے کر ریپبلکنز کو اقتدار میں رکھنے کی کوش کر رہے ہیں۔‘
صحافی کیتھرین ریمپل نےایکس پر کہا کہ ’صدر دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد (ڈوج ڈیویڈنڈ) 5000 ڈالر، ٹیرف ڈیویڈنڈ 2000 ڈالر اور (اے سی اے) سبسڈی کی بچت سے 1000 ڈالر کا وعدہ کر چکے ہیں لیکن ابھی تک کوئی چیک جاری نہیں ہوا۔‘
بینی جانسن نامی ایک مشہور سوشل میڈیا شخصیت نے اس پر مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے ایکس پر ٹرمپ کو ’اب تک کا سب سے مزاحیہ صدر‘ قرار دیا ہے۔
ایک اور سوشل میڈیا ہینڈل ’ہیڈکوارٹر‘ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’کیمرہ مین نے زوم آؤٹ کر کے سینکڑوں خالی نشستیں دکھائیں، جبکہ ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ ’یہاں کوئی نشست خالی نہیں ہے۔‘