امریکہ میں کارگو طیارے کی ایئرپورٹ پر کھڑی گاڑیوں سے ٹکر میں پانچ افراد ہلاک، پانچ زخمی
10:52, 07/09/2026, پیرا: اپ ڈیٹ: 11:51, 07/09/2026, پیر
ویب ڈیسک

AFP
میامی میں ایمزون کاکارگو طیارہ رن وے پر ٹکرا گیا۔ فائل فوٹوامریکہ کی ریاست فلوریڈا میں میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتوار کے روز ایمیزون پرائم ایئر کا ایک کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔
امریکی حکام نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ایمیزون پرائم ایئر کی پرواز 7598 اتوار دوپہر 2 بجے کے قریب ایئرپورٹ کے رن وے سے آگے نکل گئی اور زمین پر کھڑی متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔
میامی ڈیڈ فائر چیف رے جد اللہ نے بتایا کہ حادثے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے جن میں تین کی حالت تشویشناک ہے۔
جد اللہ نے مزید بتایا کہ طیارے کی زد میں آنے والی گاڑیوں میں کم از کم 2 افراد پھنس گئے تھے جبکہ پائلٹ اور ساتھی پائلٹ بھی حادثے کے بعد طیارے کے اندر پھنس گئے تھے۔
میامی ڈیڈ فائر ریسکیو نے ایک بیان میں کہا کہ 60 سے زائد ریسکیو یونٹس اور تقریباً 200 اہلکاروں نے حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔
میامی ڈیڈ فائر چیف نے اس واقعے کے حوالے سے بتایا کہ ’ایئرپورٹ پر موجود ریسکیو اہلکار جہاز کے کریش کرنے کے بعد بھی جہاز سے ایندھن کو لیک ہونے سے روکنے کی کوشش کرتے رہے۔‘
حادثے کے فوراً بعد ایئرپورٹ پر تمام پروازیں روک دی گئیں تھیں تاہم شام تک 4 رن وے میں سے 2 کو دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔
فلائٹ ٹریکنگ سروس ’فلائٹ ریڈار 24‘ کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ 32 سال پرانا بوئنگ 767-300 فریٹر تھا جو ’پورٹو ریکو‘ کے شہر سان خوان سے آیا تھا۔ یہ طیارہ 1994 سے 2015 تک مسافر طیارے کے طور پر مختلف ایئرلائنز کے زیر استعمال رہا۔
ایمیزون کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کارگو ایئرلائن 21 ایئر نے اسے ایمیزون کے لیے آپریٹ کیا تھا۔
فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق حادثے کے وقت طیارے کی رفتار 112 ناٹس یعنی 129 میل فی گھنٹہ تھی۔ جبکہ انگلینڈ کی خبر ایجنسی رائٹرز کی جاری کردہ تصاویر میں طیارے کا اگلا حصہ زمین پر جبکہ پچھلہ حصہ رن وے پر تھا۔ طیارے کے دائیں جانب جلنے کے نشانات بھی دیکھے گئے۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے کہا کہ اس نے حادثے کی تحقیقات کے لیے چیئر وومن جینیفر ہومنڈی کی قیادت میں ایک ٹیم بھیجی ہے اور وہ آج میامی میں اپنی پہلی میڈیا بریفنگ کرے گی۔
ایمازون کی ترجمان کیلی نینٹل نے کہا ہے کہ’ ہم مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ کیا ہوا۔ اس وقت ہماری اولین ترجیح حادثے میں شامل تمام افراد کی حفاظت ہے‘۔
21 ایئر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم آج میامی میں اپنے طیارے کے حادثے پر غمزدہ ہیں۔ ہماری دلی تعزیت ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا‘۔
واضح رہے کہ یہ ایمازون پرائم ایئر کا پہلا حادثہ نہیں ہے۔ فروری 2019 میں ایمیزون پرائم ایئر کے لیے آپریٹ کرنے والی ایٹلس ایئر کی پرواز 3591 میامی سے ہیوسٹن جاتے ہوئے ٹیکساس میں گر کر تباہ ہو گئی تھی جس میں سوار 3 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔